دمشق،20؍فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)شمالی شام میں جاری فوجی آپریشن’’فرات کی ڈھال‘‘میں شریک اپوزیشن گروپوں نے الباب شہر کے قریب داعش تنظیم کے ایک فرانسیسی رکن کو قیدی بنا لیا ہے۔ جوناتھن جیفری عرف ابو ابراہیم الفرنسی یورپی نوجوانوں کو داعش میں بھرتی کرنے کا ذمے دار اور تنظیم کا عسکری کمانڈر ہے۔اس سلسلے میں ایک وڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں یہ 34سالہ فرانسیسی داعشی شامی اپوزیشن کی جیشِ حُر کے ایک رکن کے سوالات کا جواب دے رہا ہے۔ابو ابراہیم کے مطابق وہ دو برس قبل ترکی کے راستے شام میں داخل ہوا تھا.. وہ شادی شدہ ہے اور اس کا تعلق فرانس کے شہر ٹولوز سے ہے۔یاد رہے کہ امریکی فوج نے 11فروری کو اعلان کیا تھا کہ اس نے موصل کے نزدیک امریکا کے زیر قیادت اتحاد کے حملے میں داعش تنظیم کے ایک اہم شدت پسند الجزائری نژاد فرانسیسی رشید قاسم کو نشانہ بنایا۔ تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا تھا کہ آیا قاسم اس کارروائی میں ہلاک ہو گیا یا صرف زخمی ہوا۔